مطہرات


پانی زمین سورج
استحالہ بنا بر نجاست آب انگور کا دو تہائ کم ہو جانا انتقال
اسلام تبعیّت عین نجاست کا دور ہو جانا
نجاست خور حیوان کا استبراء کسی مسلمان کا غائب ہو جانا    
 

مسئلہ٤٩:گیارہ چیزیں نجاست کو پاک کرتی ہیں جنہیں مطہرات کہتے ہیں۔

١۔پانی، ٢۔زمین، ٣۔سورج، ٤۔استحالہ، ٥۔بنا بر نجاست آب انگور کا دو تہائ کم ہو جانا، ٦۔انتقال، ٧۔اسلام، ٨۔تبعیّت، ٩۔عین نجاست کا دور ہو جانا،١٠۔نجاست خور حیوان کا استبراء، ١١۔کسی مسلمان کا غائب ہو جانا۔

١۔ پانی

مسئلہ٥٠:پانی چار شرطوں کے ساتھ نجس چیزکو پاک کرتا ہے۔
١۔پانی مطلق ہو، ٢۔پاک ہو، ٣۔جب نجس چیز کو دھویا جا رہا ہو تو پانی مضاف نہ ہو جاۓ اور اس کا رنگ، بو یا ذائقہ نجاست کی وجہ سے بدل نہ جاۓ، ٤۔جب نجس چیزکو دھویا جاۓ تو عین نجاست اس میں باقی نہ رہے۔

٢۔ زمین

مسئلہ٥١:نجس پاؤں کا تلوا اور جوتے کا تلا تین شرطوں کے ساتھ زمین کے ذریعہ پاک ہو جاتا ہے۔
١۔زمین پاک ہو، ٢۔خشک ہو، ٣۔عین نجاست دور ہو جاۓ۔

٣۔ سورج

مسئلہ٥٢:سورج زمین، مکان، دروازے اور کھڑکیاں جو مکان میں نصب ہوں اور ان کیلوں کو جو دیوار میں لگی ہوئ ہوں پانچ شرطوں سے پاک کرتا ہے۔

٤۔ استحالہ

مسئلہ٥٣:اگر کوئ نجس چیزاس طریقے سے بدل جاۓ کہ پاک چیز کی صورت اختیار کرلے تو پاک ہو جاتی ہے۔جیسے لکڑی جل کر راکھ ہو جاۓ۔

٥۔ آب انگور کا دو تہائ کم ہو جانا

مسئلہ٥٤:وہ انگور کا پانی جو آ گ سے جوش کھاجاۓ نجس نہیں ہو تا لیکن اس کا استعمال کرنا حرام ہے اور اگر اس قدر جوش کھا جاۓ کہ دو تہائ کم ہو جاۓ اور ایک تہائ باقی رہ جاۓ تو حلال ہو جاۓ گا۔

٦۔ انتقال

مسئلہ٥٥:اگر انسان کے بدن کا خون یا اس حیوان کا خون جو خون ِجہندہ رکھتا ہو اس جانور کے بدن میں چلا جاۓ جو خون ِجہندہ نہیں رکھتا اور اسی جانور کا خون سمجھا جانے لگے تو وہ پاک ہو جاۓ گا۔

٧۔ اسلام

مسئلہ٥٦:اگر کافر کلمۂ شہادتین پڑھ لے تو وہ مسلمان ہو جاۓ گا اور اس کا جسم، لعاب دہن، پسینہ اور ناک کی رطوبت پاک ہو جاۓ گی۔

٨۔ تبعیّت

مسئلہ٥٧:کوئ چیز کسی دوسری چیز کے پاک ہونے کے سبب سے پاک ہو جاۓ تو اسے تبعیّت کہتے ہیں۔

٩۔ عین نجاست کا زائل ہو جانا

مسئلہ٥٨:اگرحیوان کا بدن عین نجس جیسے خون یا متنجس چیز جیسے نجس پانی سے آلودہ ہو جاۓ تو اس کے زائل ہو جانے کے بعد اس کا بدن پاک ہو جاۓ گا، اور یہی حکم انسان کے جسم کے اندرونی حصّے کا بھی ہے جیسے منھ، ناک کا اندرونی حصّہ مثلاً اگر دانتوں سے خون نکل آۓ اور تھوک کے ذریعہ زائل ہو جاۓ تو منھ کو پانی سے پاک کرنا ضروری نہیں ہے۔

١٠۔ نجاست خور حیوان کا استبراء؛

مسئلہ٥٩:اس حیوان کا پیشاب، پاخانہ جو انسان کی نجاست کھانے کا عادی ہے نجس ہے اور اگر پاک کرنا چاہیں تو اس کا استبراء کرنا چاہیۓ۔ یعنی ایک مدّت تک اسے نجاست کھانے سے باز رکھا جاۓ یہاں تک کہ پھر اسے نجاست خور نہ کہا جاسکے۔اس دوران اسے پاک غذا دی جاۓ۔

١١۔ مسلمان کا غائب ہونا

مسئلہ٦٠:اگر کسی مسلمان کا جسم یا لباس یا کوئ دوسری چیز جیسے برتن اور فرش وغیرہ جو اس کے اختیار میں ہے نجس ہو جاۓ اور مسلمان غائب ہو جاۓ تو وہ نجس چیزیں چھ شرطوں سے پاک سمجھی جائیں گی۔